وہ تین عورتیں تھیں ۔عمریں تیس سے چالیس کے بیچ ۔۔۔سلیولیس قمیض چست پاجامہ سنگھار کی دکان۔۔۔ انتہائی فیشن ایبل۔۔۔ انہوں نے بے اختیاررخ واپس موڑا تھا۔
”یہ۔۔۔ یہ میری۔۔۔ بہنیں ہیں “نیلم نے ہکلاتے ہوئے وضاحت کی۔ آواز میں کپکپی صاف محسوس کی جاسکتی تھی۔ فیروز صاحب دنگ رہ گئے تھے۔ کتنا فرق تھا ان چاروں میں۔۔۔ یہ سراپا چادر میں لپٹی ہوئی۔۔ اور ان کے پاس پردے کے نام پر گلے میں دوپٹہ تک نہ تھا۔
ارے کیا ہوا نیلم؟ تم نے انہیں بتایا نہیں ہمارے بارے میں؟؟“ ان میں سے سب سے بڑی نے کاجل لگی آنکھیں پوری کھول کر نیلم کو دیکھتے ہوئے بھاری آواز میں سوال کیا۔ آواز اور لہجہ دونوں ہی کافی بولڈ تھے۔ وہ ان کے ناز بھرے انداز پر حیران رہ گئے تھے۔ دوبارہ پلٹنے کی غلطی تو بھول کر بھی نہ کی تھی انہوں نے۔ جتنی انہیں گھر جانے کی جلدی تھی اتنا ہی لیٹ ہوگئے تھے۔ ان کی بے چینی حد سے سوا ہو گئی تھی۔
”ارے اسے یاد نہیں رہا ہوگا باجی۔ آپ بتا دیجئے نا“ اس سے چھوٹی اس سے بھی بڑھ کر تھی۔
” اور تعارف بھی ۔۔“یہ سب سے چھوٹی بہن تھی۔ نقوش اور آواز دونوں ہی میں تیکھا پن تھا ۔ باقی بہنوں کی نسبت اس کی رنگت صاف تھی۔
0 تبصرے